کاروار،17/ فروری (ایس او نیوز) کاروار کے ساحلی علاقے ٹیگور بیچ کے اطراف کراولی ریسٹرکٹیڈ ژون میں موجود تمام غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کے لئے کرناٹکا کوسٹل ژون منیجمنٹ اتھاریٹی کی طرف سے ایڈیشنل ڈی سی کو نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔ اور اس ہدایت پر عمل در آمد کرنے کی رپورٹ 30 دن کے اندر داخل کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔
کاروار ساحلی علاقے میں سی آر زیڈ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کی گئی جن تعمیرات کو گرانے اور 30 دن کے اندر اس کی رپورٹ جمع کرنے کے لئے ایڈیشنل ڈی سی سے کہا گیا ہے ان میں راک گارڈن، ہوٹل ڈرائیو کے بغل میں غیر قانونی تعمیر، برانڈیڈ فوڈ اسٹور شامل ہے ۔ اسی طرح غیر قانونی تعمیرات ڈھانے اور 30 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کے لئے میونسپل کمشنر کو حکم دیا گیا ہے اس میں میور ورما ویدیکے کے پیچھے کی غیر قانونی عمارت شامل ہے۔
اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو چیتاکول گرام کے سروے نمبر 6 a1a میں اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کی طرف سے ایڈونچر اسپورٹس کے ضمن میں تعمیر کی گئی عمارت کو گرانے اور 30 دن کے اندر رپورٹ جمع کرنے کی نوٹس دی گئی ہے۔